تہران (این این آئی)ایرانی صدر حسن روحانی نے سپریم انقلابی ثقافتی کونسل کی تجویز پر 19 رکنی عالمی قاسم سلیمانی پرائز کونسل کی منظوری دے دی ہے ۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق قاسم سلیمانی پرائز کونسل میں ایران اور بیرون ملک سے 19 شخصیات کو شامل کیا گیا ہے ۔ ان میں دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات کے ساتھ ساتھ عسکری گرپوں کے لیڈر بھی شامل ہیں۔قاسم سلیمانی پرائز کونسل کے قیام کا مقصد مزاحمت اور بیداری کے میدان میں خدمات انجام دینے والوں کیلئے انعامات کا اعلان ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کے خدمات کا اعتراف ہے ۔ خیال رہے کہ مزاحمت اور بیداری جیسی اصطلاحات ایران میں ان عناصر کیلئے استعمال کی جاتی ہیں جو خطے میں ایران کیلئے پراکسی وار لڑتے ہیں۔ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق 19 رکنی کونسل میں وزیرخارجہ، ریڈیو اینڈ ٹیلی ویڑ کارپوریشن کے چیئرمین، لبنانی حزب اﷲ ملیشیا کے مندوبین، فلسطینی تنظیموں حماس اور اسلامی جہاد اور یمن کے حوثی باغیوں کو شامل کیا جائے گا۔خیال رہے کمانڈر قاسم سلیمانی کو 3 جنوری کو امریکہ نے ایک فضائی آپریشن میں بغداد کے ہوائی اڈے پر ہلاک کردیا تھا۔