واشنگٹن ( نیٹ نیوز ) امر یکہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں شہریت سے متعلق قوانین میں حالیہ ترامیم کو باریکی سے دیکھا جا رہا ہے اور اس ضمن میں واشنگٹن حکومت نئی دہلی حکومت پر زور دیتی ہے کہ ملک میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنی جمہوری اقدار اور آئین کی پاسداری کا لحاظ کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے ۔ امر یکہ شہریت سے متعلق بل کے حوالے سے تمام پیش رفت پر نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔ مذہبی آزادی کا احترام اور قانون کے مطابق سب کے ساتھ یکساں سلوک دونوں ممالک کی جمہوریتوں کے بنیادی اصول ہیں۔ایک سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا امر یکہ بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے آئین اور جمہوری اقدار کا لحاظ کرتے ہوئے ملک میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے ۔