ممبئی (نیٹ نیوز)گلوکار عدنان سمیع خان پر بھارتی شہر ممبئی میں 8 فلیٹس خریدنے کے باعث50 لاکھ بھارتی ر وپے بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق عدنان سمیع پر الزام تھا کہ انہوں نے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) سے اجازت لیے بغیر 2003 میں ممبئی میں 8 فلیٹس خریدے اور اس وقت وہ پاکستانی شہری کی حیثیت سے بھارت میں موجود تھے ۔واضح رہے کہ دوسرے ممالک کی شہریت رکھنے والے افراد کو بھارت میں جائیداد خریدنے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا سے اجازت لینا ضروری ہے ۔ ٹربیونل کورٹ کی دستاویزات کے مطابق فلیٹس کی خریداری کی رقم بھارت میں ہی کمائی گئی جبکہ عدنان سمیع نے ٹیکس بھی ادا کیا۔دوسری جانب 46 سالہ موسیقار نے دعویٰ کیا کہ وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ غیر ملکیوں کو بھارت میں جائیداد خریدنے کی اجازت نہیں۔ عدنان سمیع کو 50 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ تین ماہ میں ادا کرنا ہوگا جس کے لیے وہ 10 لاکھ بھارتی روپے ادا کر چکے ہیں۔