سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوزرپورٹ )بھارتی قابض فورسزنے جموں کے علاقے میں 3 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دو نوجوانوں کو کتھواکے علاقے میں جعلی مقابلے میں شہید کیاگیا۔ایک نوجوان کوجموں کے پولیس سٹیشن میں دوران حراست شہید کیاگیا۔پولیس حراست میں شہید نوجوان اخلاق احمدکے اہلخانہ نے احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں بد ترین کرفیوکو 42روز ہو گئے ، قابض بھارتی فورسز نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا ڈالا اور لاکھوں کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں،ڈیڑھ ماہ بعد بھی مقبوضہ کشمیر میں خوف کی فضا ہے ۔مارکیٹیں، سکول سب بند ہیں، مواصلاتی نظام بند ہونے سے کشمیریوں کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے ۔ کشمیری عوام کو بدترین لاک ڈاؤن کا سامنا ہے ، ہزاروں کشمیری جیلوں میں بند ہیں، ادویات اور راشن ختم ہوچکا ۔بدترین بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت کم نہیں ہوا، کشمیریوں نے تمام رکاوٹیں توڑ کر اپنے حق کیلئے احتجاج کیا۔ قابض فوج کے تشدد سے کئی زخمی ہوگئے ۔