لندن( آن لائن )برطانیہ میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور کشمیریوں کی حمایت میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرنیوالے 4 افراد کوگرفتارکر لیا گیا ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں پاکستانیوں اورکشمیریوں نے 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا اور ویسٹ منسٹر میں واقع بھارتی ہائی کمیشن کے دفتر کے باہر سینکڑوں کشمیریوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین میں سے 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان پرعوامی مقامات پر احتجاج کرنے کے قوانین کو توڑنے ، پولیس کے کام میں رکاوٹ ڈالنے ، ہنگامہ آرائی اور بلوہ کی دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ،ان افراد کو عدالت میں پیش کیا جائیگا۔