لندن(92 نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز): برطانوی شہزادہ چارلس کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ،اہلیہ کامیلا پارکر کاٹیسٹ منفی آیا ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 71 سالہ ولی عہد شہزادہ چارلس میں نزلہ اور زکام جیسی چند علامتیں ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد اُن کاکرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے ۔شہزادہ چارلس کی سرکاری رہائش گاہ کلیرنس ہاؤس کے ترجمان کے مطابق شہزادہ چارلس میں اس بیماری کی علامات ابھی معمولی نوعیت کی ہیں۔برطانیہ کے شہزادہ چارلس اب تک اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والی شاہی خاندان کی پہلی اور دنیا کی سب بڑی شخصیت ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ چارلس سکاٹ لینڈ میں اپنے گھر میں قرنطینہ میں ہیں مگر ان کی صحت بہتر ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈچزآف کارنوالکامیلا پارکر کا بھی کرونا ٹیسٹ ہوا جو منفی آیا ہے مگر حکومتی اور طبی ماہرین کے مشورے پر وہ بھی شہزادہ چارلس کے ساتھ قرنطینہ میں ہیں۔شہزادہ چارلس نے ملکہ برطانیہ سے آخری بار 12مارچ کوبرمنگھم پیلس میں ملاقات بھی کی تھی، اس سے پہلے وہ مناکو کے پرنس البرٹو سے بھی ملے تھے جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ۔