لندن ، سنگا پور (آن لائن، نیٹ نیوز )برطانوی حکومت نے ملک میں جان بوجھ کر کھانسنے کو جرم قرار دیکر 2 سال قید کی سزا کا عندیہ دیدیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس افسران اور طبی عملے کی طرف کھانسنے والے اب قانون کے شکنجے میں آئیں گے ۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے میل جول سے دوری کے احکامات کی خلاف ورزی پر بھی جرمانے ہوں گے ، پہلی بار خلاف ورزی پر 60، غلطی دہرانے پر 120 پائونڈ جرمانہ ہوگا۔ سنگاپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نئے اور سخت قوانین کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت سنگاپور کے شہری اگر جان بوجھ کر کسی اور کے قریب کھڑے ہوئے تو انہیں 6 ماہ تک کی قید اور 10 ہزار سنگاپورین ڈالر جرمانہ ہوسکتا ہے ، ریاست نے وائرس کو قابو کرنے کے لیے نئے اقدامات کا سلسلہ متعارف کرایا ہے جس میں شراب خانوں اور سینما بند کرنا اور بڑے اجتماعات پر پابندی شامل ہے ، اس میں سے ایک اقدام کا مقصد ’سماجی فاصلہ‘ یقینی بنانا ہے جو ایک میٹر سے کم فاصلے پر کھڑے ہونے پر پابندی ہے ۔