سرینگر(نیوزایجنسیاں ) بھارت کے یوم جمہوریہ کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کومتحرک کر دیا گیا ہے ۔حساس مقامات پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ سرینگر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بندشیں کھڑی کر کے ہر آنے جانے والی گاڑی پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے ۔کرکٹ سٹیڈیم سونہ وار کو پیر کی رات کو ہی سیل کر دیا گیا جہاں یوم جمہوریہ کی تقریب ہوگی ۔سٹیڈیم کی طرف جانے والے راستوں پر خاردار تاروں لگا دی گئی ہیں جبکہ چاروں طرف فورسز تعینات کر دی گئی ہیں ۔ سٹیڈیم کے اردگرد عارضی بنکر بھی بنائے گئے ہیں۔ پولیس فضائی نگرانی کیلئے ڈرونزکا استعمال کررہی ہے ۔انسپکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے بتایا سکیورٹی فورسز چوکس ہیں۔امن و امان برقرار رکھنے اور دہشتگردی کے حملوں کی روک تھام کیلئے اضافی پولیس اور سنٹرل نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے علاوہ ، ہائی ٹیک آلات بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔ادھر بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج مْکند نرونے چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے ۔ وہ لائن آف کنٹرول پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔