نئی دہلی(نیٹ نیوز، آن لائن)بھارت نے امریکی صدر ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کا دوطرفہ معاملہ ہے ۔بی بی سی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کشمیر پر ہمارا رخ بالکل واضح ہے ۔ یہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مسئلہ ہے ۔ ہم اسے پاکستان کیساتھ ملکر حل کر لیں گے ۔ رویش کمار نے کہا کشمیر میں تشویشناک صورتحال پیدا کرنے کی پاکستان کی کوشش فی الحال ناکام ہو گئی ہے اور دنیا پاکستان کے دوہرے معیار کو سمجھتی ہے ۔ادھر بھارتی وزارت داخلہ نے ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں کردار ادا کرنے کی پیشکش پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ دو طرفہ معاملہ ہے اور اس کو دوطرفہ طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔وزارت داخلہ نے کہا حکومت اپنے موقف پر قائم ہے کہ بات چیت اور دہشتگردی ایک ساتھ چل نہیں سکتے ۔ بات چیت کا سلسلہ تب ممکن ہے جب پاکستان دہشتگردی پر روک لگا ئے ۔