سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پھیلائو سے بچنے کو یقینی بنانے کیلئے سرینگر اور دیگر تمام ضلعی و تحصیل صدر مقامات میں کرفیو جیسی سخت پابندیاں عائد ہیں جس سے پہلے سے بھارتی محاصرے کا شکار کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا،وادی میں معمولات زندگی بری طرح مفلوج ہیں اور مہلک وائرس سے پہلی موت کے بعد لوگوں میں سراسیمگی اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیریوں کا کہنا ہے سڑکوں پر تعینات بھارتی سیکورٹی فورسز کے اہلکار پابندیوں کے نام پر لوگوں کے ساتھ بہیمانہ رویہ روا رکھتے ہیں اور گھروں سے باہر آنے والے ہر کسی شخص کو زد وکوب کرتے ہیں ۔قابض انتظامیہ نے تمام سرکاری دفاتر14اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کررکھا ہے ۔ تعلیمی ادارے ، پبلک ٹرانسپورٹ ، بازار اور عوامی مقامات گزشتہ ایک ہفتے سے بند ہیں، سڑکوں پر جگہ جگہ بھارتی فورسز کے اہلکار تعینات ہیں اور گلی کوچوں کو خار دار تاروں کے ذریعے بند کیا گیا ہے ۔