جامعات کی عالمی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے کیو ایس نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو مضامین کی بنیاد پر جاری رینکنگ میں دنیا کی بہترین 100جامعات میں شامل کر لیا ہے۔ کیو ایس کی حالیہ تازہ ترین جاری رینکنگ 2024ء کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے الہیات و مذہبی علوم (اسلامک سٹڈیز )میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور بہترین جامعات کی فہرست میں شامل ہوئی۔ ریاضی اور طبیعات میں بھی یونیورسٹی کو بالترتیب 351-400اور 601-640کا درجہ ملا ہے جو ایک اعزاز ہے۔ پاکستان میں مجموعی طور پر 237سرکاری و نجی یونیورسٹیاں ہیں، ان میں سرکاری یونیورسٹیوں کی تعداد 141اور نجی جامعات کی تعداد 96ہے۔ ملک میں ایسی سرکاری جامعات کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے جن کی علمی حیثیت بین الاقوامی طور تسلیم شدہ ہے۔ اس میں شبہ نہیں کہ رقبے ، دستوری حیثیت اور علمی و تحقیقی لحاظ سے پاکستانی جامعات میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کوممتاز مقام حاصل ہے خصوصاً اسلامی شعبہ جات ،علمی تخصصات اورتحقیقی کام کے حوالے سے یونیورسٹی نے اپنے قیام 1980سے اب تک قابل قدر خدمات انجام دی ہیں اور باصلاحیت طلبا و اساتذہ کی ایک نمایاں تعداد تیار کی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اپنی درجہ بندی کے تسلسل کو قائم رکھے اور اہل علم کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور علم و تحقیق کے جاری منصوبوں کومکمل کرے اور اسلامی تعلیمات و اقدار کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے۔