انقرہ(صباح نیوز) ترکی میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے استنبول میں نامعلوم مسلح افراد کے سعودی شہریوں کے ایک گروپ پر حملے کے بعد انتباہ جاری کیا ہے اور سعودی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ استنبول کے علاقے سسلی ( صقلیہ) میں واقع ایک کیفے میں سعودی سیاح بیٹھے ہوئے تھے ۔اس دوران میں اچانک مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا اور ان میں سے ایک کو گولی مار دی۔ پھر ان کا سامان لوٹ کر چلتے بنے جس کے بعد سعودی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کیا کہ اپنے تحفظ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔