تل ابیب،بیروت (این این آئی )اسرائیل نے دھمکی آمیز الفاظ میں لبنانی حزب اﷲ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی کسی حماقت کا خمیازہ پورے لبنان کو بھگتنا پڑیگا،اسرائیل کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے سنگین نتائج برآمدہونگے ، لبنانی تنظیم نے عوام کو ڈھال بنانے کی کوشش کی تو بے رحمی کے ساتھ جواب دینگے ۔دوسری طرف لبنان کی مسلح افواج نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان کی فضائی اور بحری حدود کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔ لبنانی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے ملک میں متعین اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفیل کے ساتھ اسرائیلی فوج کی مسلسل فضائی اور بحری دراندازی کا معاملہ اٹھایا ہے اور لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزیاں بند کرانے پر زور دیا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اﷲ کی طرف سے ہماری سلامتی کے خلاف کئے گئے کسی بھی اقدام کا سخت جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا جواب لبنانی قوم کیلئے انتہائی دردناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اﷲ کی شہری آبادی میں اسلحہ اور میزائل ذخیرہ کرکے عوام کو ڈھال بنانے کوشش کی ہے ۔