خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کئے گئے آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سورت گل المعروف سیف کو ہلاک کر کے بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔ افواج پاکستان عوام کے بھرپور تعاون کے ساتھ دہشت گردوں کے صفایا میں مصروف ہے۔ آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 2023ء کے اختتام تک ملک بھر میں 18736انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے جن میں 566دہشت گرد ہلاک اور 5161کو گرفتار کیا گیا۔ رواں سال کے آغاز میں ہی صرف پنجاب میں 200سے زائد آپریشن کئے گئے ہیں جن میں گزشتہ دنوں متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ہتھیار اور بارود برآمد کیا گیا ۔اس طرح بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے جوان اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کا صفایا کر رہے ہیں۔ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی کے لئے ناصرف افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں بلکہ افغانستان بلوچستان میں شدت پسندوں کو مالی اور عسکری مدد بھی فراہم کر رہا ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو سکیورٹی فورسز کے ملک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن لائق تحسین ہیں ۔بہتر ہو گا حکومت پورے ملک میں بیک وقت آپریشن کرنے کے ساتھ سرحد پار سے ملنے والی کمک کے خاتمے کے لئے افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی در اندازی ختم اور ملک میں امن و امان قائم ہو سکے۔