بغداد(این این آئی)عراق کی بار بار خود مختاری کو پامال کرنے پر بغداد نے انقرہ حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے ،ترک سفیر کودفترخارجہ طلب کرکے 2الگ، الگ یادداشتیں حوالے کی گئی ہیں۔ عراقی وزیراعظم کے ترجمان احمد ملا طلال نے بتایا کہ بغداد نے انقرہ حکومت پرواضح کیا ہے کہ عراق کی سرحدوں کی خلاف ورزی اور خود مختاری کی پامالی کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ عراق کو ترکی کے ہاتھوں خود مختاری کی خلاف ورزی کے خلاف عالمی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق آواز بلند کرنے کا حق ہے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ترک سفیر پرواضح کیا گیا ہے کہ ترکی اور عراقی اقوام کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات قائم رہے ہیں مگر موجودہ ترک حکومت نے دونوں قوموں کے درمیان نفرت کے بیج بونے کی کوشش کی۔