واشنگٹن(این این آئی)امریکی سینٹ میں وائٹ ہاؤس کے وکلاء نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کے ٹرائل میں اپنے دفاعی دلائل کا آغاز کردیا ہے ۔امریکی سینٹ میں صدر ٹرمپ کا اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی راہ میں حائل ہونے کے الزام میں مواخذہ کیا جارہا ہے ۔وکیل صفائی سیپولون نے کہا کہ ایوان نمایندگان کے پراسیکیوٹرز اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے سینٹ کے ارکان سے مخاطب ہوکر کہاکہ ہم یہ یقین نہیں کرتے کہ وہ جو کچھ کہہ رہے ، اس کا کوئی ثبوت بھی پیش کرسکے ہیں بلکہ درحقیقت ہم اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ جب ہم دلائل پیش کریں گے تو آپ کو پتا چل جائے گا کہ صدر نے کچھ غلط نہیں کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ڈیموکریٹس یہ کہنے کی کوشش کررہے ہیں کہ گذشتہ صدارتی انتخابات کے نتائج کالعدم قراردے دیے جائیں۔