ممبئی (نیٹ نیوز) ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والی بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کو ممبئی پونے ایکسپریس وے پر ہونے والے ٹریفک حادثے میں شبانہ اعظمی شدید زخمی ہوئیں ،اسو قت وہ ممبئی کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ شبانہ اعظمی کے ساتھ ہی معمولی زخمی ہونے والے ان کے شوہر اور معروف شاعر جاوید اختر نے بتایا کہ شبانہ اعظمی کی حالت خطرے میں نہیں ہے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ بھی بہتر آئے ہیں۔دوسری جانب ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہناہے کہ شبانہ اعظمی پہلے سے بہتر اور ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ہیں، ممبئی پولیس نے حادثے سے متعلق بتایا کہ بظاہر کار کا ڈرائیور دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کررہا تھا جس سے حادثہ ہوا۔