ویانا (نیٹ نیوز) آسٹریا میں پارلیمنٹ کی اکثریت کی عدم موافقت کے باوجود پرائمری سکولوں میں حجاب پر پابندی کا فیصلہ جاری کر دیا گیا، تاہم ایک خاتون رکن پارلیمنٹ مارتھا بسمن نے اس نئے قانون کو مسترد کر دیاہے ۔مارتھا بسمن نے حجاب پہن کر پارلیمنٹ میں خطاب کی اور تمام اراکین سے سوال کیا کہ کیا اس طرح (حجاب پہننے کے بعد) کچھ بدل گیا، کیا میں اب آسٹریا میں پیدا ہونیوالی رکن پارلیمنٹ مارتھا نہیں رہی؟انہوں نے باور کرایا کہ یہ نفرت انگیز مہموں کا نتیجہ ہے کہ مسلمان خواتین کو صرف حجاب پہننے کی وجہ سے سڑکوں پر تنگ کیا جاتا ہے اور نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ہم مسلمانوں سے رواداری اور یک جہتی کی اقدار سیکھ سکتے ہیں، حجاب معاشرے میں مسائل پیدا نہیں کرتا تاہم بعض جماعتیں ووٹ کیلئے حجاب کے معاملے کو بنیاد بنا کر پراپیگنڈا کرتی ہیں اور اس طرز عمل کو مسترد کیا جانا چاہئے ۔