نئی دہلی ( نیوزایجنسیاں )بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی اور شہری حقوق سلب کیے گئے 20 روز ہوگئے ہیں ۔راہول گاندھی نے کہا اپوزیشن لیڈروں اورمیڈیا کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مسلط ڈریکونین انتظامیہ اور ان پر ہونے والے مظالم کا تب پتہ چلا جب ہم نے سرینگر کا دورہ کرنے کی کوشش کی ۔قبل ازیں راہول گاندھی کو مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے سے روکنے پر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں صورتحال نارمل ہے تو حکومت نے راہول گاندھی کو سرینگر سے واپس کیوں بھیج دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کانگریس کے ٹوئٹر اکائونٹ پر کہا گیا ہے کہ مودی سرکار اصل میں کیا چھپانا چاہ رہی ہے ۔اپوزیشن پارٹی کا کہنا تھا اگر مقبوضہ کشمیر میں صورتحال نارمل ہے ، جیسا کہ حکومت بھی کہتی ہے تو پھر راہول گاندھی کی قیادت میں وفد کو سرینگر ایئرپورٹ سے واپس کیوں بھیج دیا گیا ہے ۔