واشنگٹن (نیٹ نیوز،اے ایف پی )امریکی ریاست فلوریڈا کی نیول بیس پر سعودی فضائیہ کے اہلکار کے حملے پر امریکا کا کہنا ہے کہ ابھی اس واقعے کو دہشت گردی کا نام نہیں دیا جا سکتا، اہلکار کے تینوں دوستوں سمیت 10 سعودی طلبہ کو حراست میں لیا ہے ۔دو روز قبل امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک فوجی اڈے پر زیر تربیت سعودی فضائیہ کے افسر نے فائرنگ کرکے تین امریکی فوجیوں کو ہلاک اور سات کو زخمی کر دیا تھا جب کہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے نیول بیس میں فائرنگ کرنے والے سعودی اہلکار کا نام سعید الشمرانی تھا جو سعودی فضائیہ میں سیکنڈ لیفٹننٹ تھا۔امریکہ کے قانون دانوں نے کہا ہے کہ نیول بیس پر حملے کے بعد سعودی فوجیوں کی ٹریننگ کا پروگرام روک دیا جائے ۔امریکی سیکرٹری دفاع مارک ایسپر نے بھی کہا ہے کہ پروگرام پر نظرثانی کے حوالے سے جائزہ لے رہے ہیں۔