ریاض(این این آئی،آن لائن ) سعودیہ عرب کی کابینہ کے اجلا س میں پاکستان سے تعاون میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور فلسطین کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں شاہ سلمان نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات اور اس کے نتائج پر بات چیت کی ،سعودی عرب نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مملکت فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ہونے والی کوششوں کی حمایت کے ساتھ مظلوم فلسطینی قوم کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس قصر الیمامہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی زیرصدارت ہوا، شاہ سلمان نے کہا کہ فلسطینی قوم کی حمایت اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے جدو جہد ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور سعودی عرب آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عالمی سطح پر ہونے والی ہرکوشش کی حمایت کرے گا، فلسطینی صدر محمود عباس کو ملاقات میں ہرممکن حمایت اور مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات ترکی بن عبد اﷲ الشبانہ نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس کے دوران حال ہی میں مسقط کی میزبانی میں خلیج تعاون کونسل کے وزرا خارجہ اجلاس میں سعودی عرب کی دو تیل تنصیبات پرہونے والے حملوں کی مذمت کا بھی حوالہ دیا گیا۔اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں حال ہی میں سعودی عرب میں ہونے والی خلیجی سلامتی و دفاع کانفرنس اور اس میں عالمی عسکری قیادت کی شرکت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔