روم(نیٹ نیوز ) اطالوی غوطہ خور ایک کشتی کی غرقابی کے بعد لاپتا ہونے والے پناہ گزینوں کی تلاش میں سمندر کی تہہ میں اترے تو ایک منظر نے انہیں رلا دیا، زیر آب ایک کم سن بچہ اپنی موت کے دس روز بعد بھی اپنی مردہ ماں کے سینے سے چمٹا ہوا تھا، گزشتہ ہفتے تیونس سے اٹلی کی جانب محو سفر پناہ گزینوں کی ایک کشتی بحیرہ روم میں ڈوب گئی تھی، کشتی میں پچاس سے زائد افراد سوار تھے ، جن میں سے 22 کو ریسکیو کر لیا گیا تھا، 28 افراد سمندر میں لاپتا ہو گئے تھے ، اطالوی کوسٹ گارڈز کی ٹیم نے اس کشتی کی غرقابی کے مقام کے قریب ان لاپتا افراد کی تلاش کا کام شروع کیا، لکڑی کی بنی یہ کشتی سمندر کی تہہ میں ساٹھ میٹر کی گہرائی میں ایک ویڈیو روبوٹ کے ذریعے دیکھ لی گئی تھی، غوطہ خوروں کے مطابق کشتی کے نیچے سے لاشیں نکالتے ہوئے ایک منظر نے انہیں ہلا کر رکھ دیا۔