بوسٹن(نیٹ نیوز) نوادرات فروخت کرنیوالے مشہور امریکی نیلام گھر (آکشن ہاؤس) نے ایپل کمپیوٹرز کے بانی سٹیو جابز کے دستخط والی فلاپی 84,115 ڈالر میں فروخت کی ہے ۔ یہ رقم پاکستانی حساب سے تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ روپے بنتی ہے ۔اس فلاپی ڈسک میں ’’میکنٹوش سسٹم ٹولز 6.0‘‘ نامی سافٹ ویئر محفوظ ہے ، جسکی بنیاد پر بوسٹن کے مشہور ’’آر آر آکشن‘‘ نیلام گھر کے ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ یہ دستخط غالباً 1988 میں کسی وقت کیا گیا تھا۔البتہ، یہ دستخط اس لحاظ سے اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ اسٹیو جابز کو آٹوگراف دینے کا کوئی شوق نہیں تھا اور وہ بہت کم لوگوں کو اپنے دستخط شدہ تحائف دیا کرتے تھے ۔حالیہ مہینوں میں سٹیو جابز کا دستخط کردہ فلم ’’ٹوائے سٹوری‘‘ کا اوریجنل پوسٹر 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا جبکہ سٹیو جابز کے ہاتھ سے لکھی ہوئی ملازمت کی درخواست سب سے مہنگے داموں یعنی ایک لاکھ 74 ہزار ڈالر میں فروخت ہوچکی ہے ۔