ممبئی(آن لائن) بالی ووڈاداکارہ سوارا بھاسکر نے بھارت میں موجود مسلم اقلیت کی حمایت میں آواز اٹھائی ہے ۔بولی وڈ اداکارہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے بھارت میں موجود مسلم اقلیت سے معافی بھی مانگی۔سوارا بھاسکر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں بھارت میں موجود مسلمانوں سے معافی مانگتی ہوں، اس جارحانہ رویے کے لیے اور تعصب کے لیے جو انہیں اس انتخابات کے دوران برداشت کرنا پڑا، یہ آپ کا ملک ہے اس جارحانہ رویے پر خاموش نہ رہیں، اس کے خلا ف آواز اٹھائیں‘۔اداکارہ نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ایک عورت ہونے کی حیثیت سے میں کیا کہہ سکتی ہوں، ہمیں تو ہر روز اس تعصب اور غیر منصفانہ سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے ‘۔بہت سے صارفین نے سوارا کی اس ٹویٹ پر ان کی حمایت کی جبکہ کئی نے انہیں تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔