دمشق (این این آئی)سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شام میں ایک اہم شخصیت جسے ’’ر۔ ا‘‘کے مختصر نام کے ساتھ شناخت کیا گیا ہے کی اس کے گھر سے لاش ملی ہے جسے مبینہ طور پر قتل کیا گیا ہے ۔ مقتول شخص لبنانی حزب اﷲ کے لیے کام کرتا رہا ہے ۔ اسے دارالحکومت دمشق کے مغربی علاقے قلمون میں لبنان کے ساتھ واقع رینکوس قصبے میں اس کے گھر کے اندر مردہ پایا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق علاقے کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ ر۔ا کو قتل کیا گیا ہے ۔ وہ مغربی قلمون میں لبنانی حزب اﷲ کے لیے کام کرنے والے نمایاں لوگوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے ۔خیال رہے کہ رنکوس میں پندرہ جنوری 2020 کو 9 نوجوانوں کے قتل کے واقعے میں مذکورہ اہم شخصیت کو ملوث قرار دیا جاتا ہے جس نے اس قتل عام کی نگرانی کی تھی۔نوجوانوں کے قتل عام کا یہ واقعہ 15جنوری کو پیش آیا۔ جب شام فوج کو ایک مخبرنے کچھ مسلح نوجوانوں کی موجودگی کی اطلاع دی۔ اس اطلاع پر شامی فوج نے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ دھاوا بول دیا۔ دوسری طرف نوجوانوں نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے لڑنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے ادلب واپس جانے اور نظروں سے دور رہنے کاحکم مسترد کردیا۔ اس پر فریقین میں لڑائی ہوئی۔ لڑائی میں شامی فوج کے ایک افسر سمیت تین اہلکار اور نو مسلح افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔