برطانیہ (نیٹ نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بھیجی گئی ویڈیو کے بعد دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس کا موبائل فون ہیک ہو گیا۔ دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق 2018 میں شہزاد محمد بن سلمان کے ذاتی واٹس ایپ اکاؤنٹ سے بھیجی گئی ویڈیو کے بعد جیف بیزوس کا موبائل فون ہیک ہو گیا تھا، شہزادہ محمد کی جانب سے ایک خطرناک ویڈیو میسج بھیجا گیا ، اس معاملے سے جڑے ایک شخص کا کہنا ہے کہ ویڈیو میسج کے بعد چند گھنٹوں کے اندر ہی جیف بیزوس کے موبائل سے بہت بڑی تعداد میں ڈیٹا چرا لیا گیا جبکہ سعودی عرب نے ایمازون کے سی ای او کا فون ہیک کرنے کے الزامات مسترد کردیے ،سعودی عرب کا کہنا ہے کہ فون کی ہیکنگ میں ریاست کے ملوث ہونے کی میڈیا رپورٹس مضحکہ خیز ہیں ۔امریکہ میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم ان دعووں پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق اقوام متحدہ سے منسلک 2انسانی حقوق کے ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان پر لگنے والے الزامات کی فوری تفتیش ہونی چاہیے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان سے یہ بھی پوچھا جانا چاہیے کہ وہ مسلسل، ذاتی سطح پر ان لوگوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کیوں کرتے رہے جنہیں وہ اپنا دشمن گردانتے تھے ، فون ہیکنگ اور خشوگی قتل کا آپس میں گہرا تعلق ہے ۔