الیکشن کمشن نے 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کے لئے حتمی پولنگ سکیم جاری کر دی ہے ۔ شفاف منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات الیکشن کمشن کی آئینی ذمہ داری ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ انتخابی دوڑ میں شامل تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو منصفانہ اور یکساں انتخابی مہم چلانے کے مواقع فراہم کیے جائیں جو انتخابی قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کے بغیر ممکن نہیں۔ بدقسمتی سے الیکشن 2024ء کے حوالے سے مجموعی تاثر یہی ابھرا ہے کہ نگران حکومت ایسا کرنے میں ناکام ہے۔ ایک جماعت کا انتخابی مہم نا چلا پانا اور اس کے مدمقابل جماعت کا الیکشن قواعد کو نظر اندازکرنا اس تاثر کو تقویت فراہم کر رہا جس کا ثبوت صوبائی دارالحکومت کی شاہراہوں پر مسلم لیگ ن کے قائد کے دیو ہیکل پینا فلیکس آویزاں ہونا ہے۔ اسی طرح گجرات کے حلقوں میں تحریک انصاف کی خواتین کے خلاف الیکشن کمشن کی جانب سے جرمانے عائد کرنا بھی جانبداری کا تاثر ابھارے گا۔ اس سے مفر نہیں کہ الیکشن کمشن نے کے پی میں اے این پی کے امیدواروں پر بھی قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کئے ہیں جس سے غیر جانبداری ظاہر ہوتی ہے تاہم بہتر ہو گا الیکشن کمشن تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن قواعد پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور انتظامیہ کو غیر جانبدار رہنے کی ہدایت کرے تاکہ تمام امیدواروں کو الیکشن مہم چلانے کے مساوی مواقع میسر ہوں اور کسی کو الیکشن کمشن کی ساکھ پر سوال اٹھانے کا موقع نہ ملے۔