واشنگٹن(نیوزایجنسیاں )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ہم کرونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور متاثرہ افراد کیلئے ادویات اور ضروری اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرونا ٹاسک فورس کیساتھ پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا عوام اور حکومت ملکر کرونا کو شکست دیں گے ، امریکہ میں کاروبار مہینوں نہیں جلد دوبارہ کھولا جائے گا۔ مشکلات جلد ختم اور معاملات زندگی جلد معمول پر آجائے گی جبکہ امریکہ میں زندگی کے ہرشعبے نے کرونا وائرس کیخلاف جدوجہد میں حصہ لیا ہے ۔ ہماری معیشت بہت جلد مضبوطی کے ساتھ بحال ہوگی، 15دن کے بعد فیصلہ کریں گے کہاں سے ملک کو کاروبار کیلئے کھولا جائے ۔ کرونا کیخلاف ویکسین کیلئے 8ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ہم امریکہ اور دنیا بھر میں اپنی ایشین امریکی کمیونٹی کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے ۔وہ زبردست لوگ ہیں اور وائرس کا پھیلائو کسی لحاظ سے کسی شکل یا صورت میں ان کی غلطی نہیں ، وہ اس سے چھٹکارا پانے کیلئے ہمارے ساتھ کام کررہے ہیں ، ہم ملکر اس پر قابو پائیں گے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے لاک ڈاؤن نرم کرنے کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ایسے اقدامات ملک کو "تباہ" کرسکتے ہیں۔ بہت سے لوگ مجھ سے اتفاق کرتے ہیں۔فوکس نیوز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارا ملک بند کرنے کیلئے نہیں بنایا گیا ۔آپ کسی ملک کو بند کرکے اس کو تباہ کرسکتے ہیں۔