غزہ، مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز، این این آ ئی ) اسرائیلی فوج نے غزہ میں حملے کرکے 5 فلسطینیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا ہے ۔اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘نے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاستی دہشت گردی فدائی حملوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں 5فلسطینی شہید ہوگئے ، حملے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے بعض کی حالت نازک ہے ۔دوسری جانب مقامی میڈیا نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی پر فلسطینیوں کو ہیلی کاپٹر اور ٹینک کے ذ ریعے نشانہ بنایا ۔ ادھر حماس نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی نوجوانوں کا اسرائیلی پولیس پر فدائی حملہ صہیونی فوج کی ریاستی دشت گردی کا رد عمل ہے ۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جارحیت اور دہشت گردی میں جتنا اضافہ ہوگا فلسطینیوں کی طرف سے فدائی حملوں کی شکل میں اتنا ہی شدید رد عمل سامنے آئے گا۔ بیت المقدس میں فلسطینی نوجوانوں کا چاقو سے قابض پولیس اہلکاروں پر حملہ صہیونی دشمن کیلئے پیغام ہے ۔ فلسطینی قوم کی نئی نسل قبلہ اول کے دفاع سے غافل نہیں بلکہ وہ القدس کو یہودیانے اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی صہیونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے جانیں نچھاور کرنے کے لیے تیار ہے ۔ ادھر غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لا حیا کے شمال مغربی مقامات پر اسرائیلی جنگی ہیلی کاپٹروں نے متعدد اہداف پر بمباری کی۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں فلسطینی عسکری گروپوں کے مراکز کو نشانہ بنایا۔ قبل ازیں غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل پرتین میزائل داغے جانے کی اطلاعات آئی تھیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ سے داغے گئے تین میزائلوں میں سے 2 کو دفاعی نظام کے ذریعے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضاء میں تباہ کردیا گیا تھا۔ فلسطین کے سرکردہ عیسائی پادری اور آرتھوڈوکس چرچ کے بشپ عطا اﷲ حنا نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری حق واپسی ریلیاں فلسطینی قوم کے دیرینہ اصولوں پرثابت قدمی کا ٹھوس ثبوت ہے ۔ فلسطینی عیسائی پادری کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اپنے دیرینہ اصولوں اور بنیادی مطالبات پرقائم ہے ۔ وقت گذرنے کے ساتھ فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق ساقط نہیں ہوسکتے ۔ علا وہ ا زیں فلسطین کے مرکز اطلا عات کے مطابق فلسطین میں اسرائیل کی جاری ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 7 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ۔