غزہ (صباح نیوز)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حکام نے ماہ صیام کے آخری جمعہ اور عید الفطر کے موقعہ پر مساجد کو سخت احتیاطی تدابیر کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جمعۃ الوداع کے موقعہ پر بیماروں، بوڑھوں، بچوں اور خواتین کو مساجد میں نماز کیلئے آنے کی اجازت نہیں ہوگی، وہ گھروں میں ظہر کی نماز ادا کریں، اسی طرح ایسے فلسطینی جنہیں حال ہی میں قرنطینہ مراکز سے نکالا گیا وہ بھی گھروں میں رہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ جمعۃ الوداع کے موقعے پر مساجد میں کرونا کی وبا کے پیش نظر سخت احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے ، اس حوالے سے عید الفطر پربھی ایسے ہی سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔غزہ میں حکام نے کہا کہ جمعہ اور عید کی نمازیں شرعی فرائض ہیں تاہم عبادت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سخت احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنا ہوں گی۔شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ جمعہ اور عید کی نمازوں کے موقعے پرچہروں کو ماسک سے ڈھانپیں، ہاتھوں پر دستانے چڑھائیں، سماجی دوری پرعمل کریں اور مصافحہ کرنے اور گلنے ملنے سے سختی سے گریز کریں۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جمعہ اور عید کی نمازوں کے موقعے پر گھرسے جائے نماز ساتھ لائیں۔