پیرس (اے ایف پی) فرانسیسی صدر میکغوں کے خصوصی مشیر کی جانب سے احتجاج کرنیوالے شہری پر تشددکے واقعہ کی ویڈیو نے عوام میں غصے کی لہر دوڑا دی ہے ۔ عدالت نے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔پراسیکیوٹر نے بتایا کہ احتجاج کرنیوالے شخص پر تشدد کرنے والا پولیس اہلکار نہیں بلکہ صدر کا سکیورٹی مشیر الیگزینڈر بینالا ہے تاہم اس نے سر پر پولیس ہیلمٹ پہن رکھا ہے ۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن پر پیرس میں پیش آیا جب الیگزینڈر بینالا نے حکومت کیخلاف احتجاج کرنیوالے شخص کو زمین پر پٹخ دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا،تاہم واقعہ کی ویڈیو اب منظر عام پر آئی ہے ۔الیگزینڈر بینالا صدارتی انتخابات کے دوران میکغوں کے سکیورٹی سکواڈ میں شامل تھا اور صدر منتخب ہونے پر میکغوں نے اسے اپنا خصوصی مشیر مقرر کیا تھا۔ ویڈیو سامنے آنے پر صدر میکغوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ عوامی حلقوں نے صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ مشیر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔