روم(این این آئی)قدیم روم میں بسایا گیا سینکڑوں برس قدیم عیاشی کا اڈہ سمندر بْرد ہو گیا، میڈیارپورٹس کے مطابق اٹلی میں نیپلس سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ساحلی قصبہ بائیا میں شعرا اپنے تخیل اور فوجی جرنیل اور اْمرا اپنی خواہشات کو حقیقت کا روپ دیتے تھے ۔ رومی فلسفی، خطیب، قانون دان اور مدبر سیسرو نے اپنی تقاریر یہیں لکھیں، شاعر وِرجِل اور فطرت پرست پلینی یہاں کے جوانی بخش حماموں سے کچھ ہی فاصلے پر رہتے تھے ۔ ایک محقق جان سماؤٹ نے کہاکہ سازشوں کی کئی داستانیں بائیا سے وابستہ ہیں۔‘ قیاس ہے کہ 44 قبل از مسیح میں روم کے بادشاہ جولیس سیزر کے قتل کے بعد کلوپیٹرا ایک کشتی میں یہیں سے فرار ہوئی تھیں ،عیاشی کے ایک اڈے کے طور پر مشہور بائیا قصبے کے زوال کا سبب علاقے میں آتش فشاں تھے جن کی وجہ سے یہ سطح زمین پر ابھرتا اور دھنستا رہا اور رفتہ رفتہ پانی میں ڈوب گیا، جہاں اس کی باقیات اب بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔