لاہور، اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ،نامہ نگار ، کر ائم ر پو رٹر ،کامرس رپورٹر ،سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ، نمائندگان) کورونا کے باعث لاہور کے بند پارک عام شہریوں کیلئے کھل گئے جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کے ٹریفک پولیس نے چالان شروع کردیئے ۔لاہور کے پارک 75 دن کے بعد عوام کیلئے کھول دیے گئے لیکن شہریوں کی لاپرواہی کا سلسلہ پارکوں میں بھی جاری رہا۔ ادھر کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر لاہور، راولپنڈی و دیگر شہروں میں متعددکانیں سیل جبکہ کئی دکاندار گرفتار کر لیے گئے ۔لاہور میں 657 دکانوں کو سیل جبکہ سینکڑوں کو وارننگ جاری کر دی گئی ۔ صدر ڈویژن میں 210 دکانیں سیل جبکہ 480 دکانوں کو وارننگ، کینٹ ڈویژن میں270 دکانیں سیل، 350 کو وارننگ، اقبال ٹائون ڈویژن میں187 دکانیں ، تحصیل شالیمار میں150 دکانوں کو سیل کیا گیا ۔ نشتر بازار، کاہنہ بازار اور نزد قینچی مین فیروز پور روڈ پر 43 دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ایک بیکری کو بھی سیل کر کے 35 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔ہال روڈ پر ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے دکانوں کے آگے لگے 25 کائونٹر ضبط کر لئے گئے اور دو ٹرک سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ راولپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 28 گاڑیوں کے چالان، 2 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں جبکہ 18 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔سرگودھا میں 72 دکانیں سیل ، 24 دکانداروں کو وارننگ اور44 ہزار جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ فیصل آباد میں بھی متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں۔سمبڑیال کے تمام بازاروں کوغیر معینہ مدت کیلئے سیل کردیا گیا۔ بوریوالامیں14،وہاڑی 19اورتحصیل میلسی میں 2دکانوں کوسیل کیاگیا۔21گاڑیوں کوایس اوپیزکی خلاف ورزی پر21ہزارروپے جرمانہ بھی کیاگیا۔ایمن آباد میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی 12 دُکانیں سیل جبکہ متعدد دُکانداروں کو جرمانہ کردیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ضلعی انتظامیہ کیساتھ انارکلی اور دیگر بازاروں کا دورہ کیا اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے دکانداروں کو گاہکوں کو ماسک فراہم کرنے کی تلقین کی اور بعض دکاندار وں کو وارننگ بھی دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہامارکیٹوں اور شاپنگ مالزکے اوقات کار نہیں بڑھیں گے بلکہ آئندہ مستقل طور پر غروب آفتاب تک دکانیں بند کرنے پر مشاورت کی جا رہی ہے ،خلاف ورزی پر نہ صرف دکاندار بلکہ متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانا حکومت کیساتھ تاجروں کی بھی ذمہ داری ہے ۔ خلاف ورزی پر دکان نہیں پوری مارکیٹ بند ہو گی ۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کاروبار اور عوامی مقامات اوردیگر سرگرمیوں کو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کرتے ہوئے نیا نظام الاوقات جاری کردیا۔