بیروت ( نیٹ نیوز ) لبنان میں ایوان صدر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نو منتخب وزیراعظم حسان دیاب کی قیادت میں نئی کابینہ تشکیل دے دی گئی ہے جب کہ دوسری طرف ملک میں مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے پو لیس کے تشدد سے کئی مظاہرین زخمی ہو گئے ۔ لبنانی صدر میشل عون نے ایک صدارتی فرمان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نو منتخب وزیراعظم حسان دیاب کی کابینہ کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ نئی حکومت لبنان میں سبکدوش وزیراعظم سعد حریری کی حکومت کے خلاف تین ماہ قبل شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں قائم کی گئی ہے ۔حسان دیاب کی کابینہ میں 20 وزراء شامل کئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر کو ماضی میں کوئی حکومتی ذمہ داری نہیں سونپی گئی۔ لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی کابینہ میں شامل ہونے والے وزراء میں سے بیشتر کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ انہیں آزاد ارکان میں سے چنا گیا ہے ۔ نئی کابینہ تشکیل دینے اور سابق ناپسندیدہ وزراء کو عہدوں سے ہٹانے کے باوجود گز شتہ روز لبنان میں احتجاجی مظاہرے جاری رہے ۔ گذشتہ روز مظاہرین کی بڑی تعداد نے پارلیمنٹ کو ملانے والی مرکزی شاہراہ بلاک کردی اور پولیس پر سنگ باری کی۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ کے داخلے راستے پر لگا جنریٹر توڑ ڈالا۔ بعض مظاہرین نے پولیس پر پٹرول بم بھی پھینکے جب کی پولیس نے جوابی کارروائی میں مظاہرین پرصوتی بموں، آنسوگیس کی شیلنگ اور واٹر کینن گنز کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے ۔