لاہور،لندن(سٹاف رپورٹر،غلام حسین اعوان) شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کل جمعہ کو ریجنٹ پارک مسجد لندن میں ادا کی جائے گی۔ترجمان ریجنٹ پارک مسجد کے مطابق شریف خاندان نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے 30 افرادکی فہرست فراہم کرے گا۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا محترمہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی جمعہ کو لندن سے روانہ کیا جائے گا جو ہفتہ کولاہور پہنچے گا ،ان کی تدفین جاتی عمرہ میں ہوگی۔بیگم شمیم اختر کی نمازجنازہ ہفتہ کے روزبعد نماز ظہر شریف میڈیکل سٹی رائے ونڈ میں پڑھائی جائے گی ۔ذرائع کا کہنا ہے نمازجنازہ پڑھانے کے حوالے سے امام کا فیصلہ شہبازشریف کریں گے ۔عطائتارڑ نے بتایا میت کے ہمراہ نوازشریف کی ہمشیرہ اور بہنوئی میاں یوسف عزیز ہونگے ،مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے 29نومبر بروز اتوار قل خوانی ہوگی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد شریک ہونگے ۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے کارکنوں سے اپیل کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں رسم قل کے دن والدہ ماجدہ اور سب مسلمان مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کریں۔ادھرمسلم لیگ (ن ) کے سینئر نا ئب صدر لاہور ملک سیف الملو ک کھو کھر نے مرحومہ کی نماز جنازہ کی تیاریوں کے سلسلے میں جاتی عمرہ شریف میڈیکل سٹی میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہو ں نے کہا نواز شریف کی والدہ کی وفا ت شریف خا ندا ن کے لئے بہت بڑا سا نحہ ہے ،مریم بی بی خود کو تنہا محسوس نہ کر یں، ان کے گرد لا کھو ں کا رکن حسن نواز اور حسین نواز بن کر کھڑے ہیں۔ نواز شریف کی والدہ مرحومہ کا جسد خاکی تا حال ریجنٹ پارک سینٹرل مسجد کے سرد خانے میں سفری کاغذات کی تکمیل کا منتظر ہے ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق موت گھر ہونے کہ وجہ سے ذاتی معالج کی تصدیق کو ویسٹ منسٹر کونسل سے تصدیق کی دوہری ضرورت اور کوروناٹیسٹ اور پولیس کی جانب سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ میں تاخیر کا بڑا سبب لاک ڈائون ہے ۔تمام متعلقہ اداروں کو درخواستیں آن لائن جمع کرا دی گئی ہیں۔ اسحاق ڈار نے بتایاکل نماز جنازہ ہونے کا قوی امکان ہے ،نواز شریف کی بہن کوثر بی بی میت کے ساتھ پاکستان روانہ ہونگی ۔