ماسکو(شاہد گھمن سے ) ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے نے الیکشن 2018میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ہارون بلورشہید ، سراج رئیسانی شہید اور اکرام اﷲ گنڈاپور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔سفیر پاکستان قاضی خلیل اﷲ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور عالمی برادی نے دہشتگردی کے ان واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 70ہزار سے زائد پاکستانی اس دہشت گردی کی جنگ میں قربان ہو چکے ہیں ۔ لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ہماری فورسز اور پوری قوم نے بڑی بہادری سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔تقریب میں اوورسیز پاکستانی بلوچ یونٹی کے بانی ڈاکٹر جمعہ خان مری اور ان کے ساتھیوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ڈاکٹر جمعہ خان مری نے ’’92نیوز ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان مخالف قوتیں پاکستان اورخاص طور پر بلوچستان میں دہشتگری کی پشت پناہی کر رہی ہیں لیکن اب بلوچ قوم متحد ہوگئی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ الیکشن میں ووٹنگ کا تناسب سابقہ الیکشنز سے بہت زیادہ رہا۔ تقریب میں ملک شہباز، نور حبیب شاہ، خلیل الرحمان، شاہنواز بلوچ ،چوہدری زاہد خورشید،اور دیگر بھی موجود تھے ۔ آخر میں پاکستان میں امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔