سرینگر(این این آئی،کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے کورونا وبا کی روک تھام کیلئے احتیاطی اقدامات کے نام پرعیدالاضحیٰ کی نمازکے اجتماعات کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ فیصلہ سرینگر میں ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پول کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ کشمیر ڈویژنل انتظامیہ کے مطابق کورونا وبا کی روک تھام کیلئے عید کی اجتماعی نماز کیلئے مساجد اور خانقاہوں کو بند رکھا جائے گا۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ کسی قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ چلنے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف ذاتی گاڑیوں یا رکشہ کو چلنے کی اجازت ہو گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید سے قبل کچھ روز تک پابندیوں میں نرمی برتی جائے گی تاکہ لوگ عید کے لئے ضروری سامان کی خرید و فروخت کر سکیں۔