سرینگر (92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کپواڑہ میں فوجیوں نے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور لوگوں کو ہراساں کیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجیوں نے چادر اور چار دیواری کاتقدس پامال کرتے ہوئے لوگوں کے گھروں میں گھس کر مکینوں کو بہیمانہ تشد د کا نشانہ بنایا، قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ کی اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا ۔ بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں دو بیگناہ نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتاربھی کر لیا ۔ گرفتار نوجوانوں کی شناخت سہیل ڈار اور بشیر احمد کے طور پر کی گئی ہے ۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ کو 48ویں روز بھی بھارتی فوج کا محاصرہ برقرار رہا جس کی وجہ سے لاکھوں افراد گھروں نے اندر محصور ہیں اور مقبوضہ وادی میں نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہے ۔ جگہ جگہ بڑی تعداد میں تعینات بھارتی فورسز اہلکاروں نے ہر طرف خوف و دہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے اور لوگ گھروں سے باہر آنے سے خوفزدہ ہیں ۔دکانیں ،کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے ۔ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری انتہائی کم ہے ۔وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس معطل جبکہ ٹی وی نشریات بند ہیں۔ مقبوضہ وادی میں پانچ اگست سے ریل سروس بھی بند ہے ۔ ریلوے ذرائع کے مطابق سروس بند رہنے کی وجہ سے ابتک ریلوے کو کم از کم ایک کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے ۔