سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں تین روزمیں 6شہادتوں اور بھارتی صدر کووند ناتھ کے دورہ کیخلاف آج مکمل ہڑتال کی جائے گی۔حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی صدر کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ،بانڈی پورہ اور کولگام میں نوجوانوں کی شہادتوں کیخلاف تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں ،قابض حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی صدر کووندکادورہ کارگل خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بی ایس ایف کے 28 اہلکارکورونا وائرس کا شکار ہوگئے ۔رام بن ضلع میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور12دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے شہید عمران احمد ، شاکر الطاف بٹ، سمیت شہید نوجوانوں کی لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے نہیں کی ہیں، کولگام اوربانڈی پورہ میں انٹر نیٹ سروس بند کر دی گئی ہے ۔مزید براں بھارتی صدر رام ناتھ کووند مقبوضہ کشمیر کے دورے پر سری نگر پہنچ گئے ، بھارتی صدر کی مقبوضہ کشمیر آمد پر کشمیر یوں نے کاروبار زندگی معطل کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے نام پر مقبوضہ کشمیر کومکمل طورپر ایک فوجی چھائونی میں بدل دیا گیا بھارتی صدر کی آمد پر ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی،حریت کانفرنس نے ایک بیان میں آزادی پسند کشمیریوں سے اپیل کی تھی کہ بھارتی صدر کی کشمیر آمد پر سول کرفیو نافذ کریں کیونکہ بھارتی صدر کا دورہ کشمیریوں کے رستے ہوئے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے ، رام ناتھ کووند کا دورہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں سب کچھ معمول کے مطابق ہونے کا تاثردینے کے لیے رچایا گیا،قائد تحریک آزادی جموں کشمیر سید علی گیلانی نے بھارتی صدر کے دورہ مقبوضہ کشمیرکے خلاف احتجاج کی کال دیتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس دورے کے خلاف بھرپور حتجاج ریکارڈ کراکے قابض حکمرانوں اور دنیا کو حقیقت کا آئینہ دکھائیں، ایک ٹویٹ میں سیدعلی گیلانی نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کا جبری قبضہ ہے اور ہمارا تعلق قابض اور مقبوضہ کا ہے جس میں کسی خیر سگالی کے کسی جذبے کیلئے دونوں اطراف سے کوئی گنجائش نہیں لہذا ہم بھارتی صدر کے ریاستی دورہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کو مسترد کرتے ہیں۔