سامبا (این این آئی)پاکستان اور بھارت کے درمیان سات عشروں سے متنازع چلی آرہی ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اعلان کے بعد نئے قانون سے برسوں پرانے مہاجرین کو فائدہ پہنچنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ۔ بھارتی حکومت کے نئے قانون کے بعد 70 سال سے پناہ گزین کے طور پر زندگی گذارنے والے ایک گروپ کو بھارتی شہریت دی گئی ہے جس پروہ بہت خوش ہیں۔ان مہاجرین کے آبائو اجداد 1947ء کے پْرتشدد واقعات کے بعد ہجرت کرکے جموں وکشمیر میں آباد ہوگئے تھے مگر ریاست کی خصوصی حیثیت کی وجہ سے انہیں باضابطہ شہریت نہ مل سکی۔برطانوی استبداد سے آزادی کے بعد برصغیر کو دو الگ الگ ملکوں میں قومیت کی بنیاد پرتقسیم کیا گیا۔ مسلمان اکثریتی علاقوں پرمشتمل پاکستان کے قیام کا اعلان ہوا جبکہ ہندو اکثریت کی بنیاد پر بھارت کو الگ ملک کا درجہ دیا گیامگردونوں ملکوں کوآزادی کی بھاری قیمت چکانا پڑی تھی۔ قریبا ڈیڑھ کروڑ لوگ جن میں ہندو، مسلمان اور سکھ شامل ہیں تشدد کی بھینٹ چڑھ گئے تھے ۔مغربی پاکستان سے تقریبا ڈیڑھ لاکھ افراد ہجرت کرکے جموں وکشمیر اور بھارت کے دوسرے علاقوں میں آباد ہوئے ۔ بھارت میں انہیں پناہ گزین کا درجہ حاصل رہا۔حال ہی میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی شق 370 اور 35 اے کو ختم کرکے ریاست کی علیحدہ شناخت اور تاریخی حیثیت ختم کردی۔ اس اقدام سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں موجود ہندو مہاجرین کو وہاں کا باضابطہ شہری ہونے کا موقع مل گیا ہے ۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق 1947ء میں مغربی پاکستان سے 5764 خاندانوں کے 47 ہزار افراد ہجرت کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آباد ہوگئے تھے ۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی شہریت حاصل کرنے والے جیت راج نے بتایا کہ آج ہمیں کم سے کم شہریت مل گئی ہے ۔