واشنگٹن ( نیوز ایجنسیاں ،نیٹ نیوز ) انتخابی جائزوں میں مقبولیت کی کمی کا شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو ملتوی کر دیا جائے کیونکہ ڈاک کے ذریعے زیادہ ووٹنگ کی وجہ سے فراڈ اور غلط نتائج آ سکتے ہیں۔اس تجویز کو ان کی اپنی جماعت ریپبلکن اور حزب مخالف ڈیموکریٹک پارٹی نے بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ آئین میں امریکی انتخابات مؤخر یا ملتوی ہونے کی کوئی گنجا ئش نہیں ۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے مشورہ دیا کہ اس وقت تک انتخابات ملتوی رہیں جب تک لوگ مناسب اور محفوظ طریقے ووٹ نہیں ڈال سکتے ۔ ریپلکن نے ان کی تجویز رد کر تے ہوئے کہا کہ انکے پاس کوئی اتھارٹی نہیں کہ وہ کسی قسم کا حکم دے سکیں ،خانہ جنگی، عالمی کساد بازاری اور جنگ عظیم دوم کے حالات میں بھی امریکی انتخابات وقت پر ہوئے ۔۔ڈیموکریٹ رہنما ڈین کِلڈی نے کہا کہ صدر اقتدار میں رہنے کیلئے انتخاب ملتوی کرنے کی تجویز دے رہے ، سینیٹر اور ڈیموکریٹک رہنما ٹام اُڈل نے کہا کہ 'ٹرمپ کسی بھی طرح الیکشن میں تاخیر نہیں کرا سکتے دریں اثنا امریکی میڈیا نے صدر ٹرمپ کے خاندان پر انتخابی مہم میں کروڑوں ڈالر خرچ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل الیکشن کمیشن میں صدر کی انتخابی مہم میں قانون کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات پر مبنی درخواست دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں صدر کی مہم کی کمیٹی پر 17 کروڑ ڈالر اہم افراد پر خرچ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔