صنعاء (این این آئی) یمن میں حوثیوں نے یواین امن مشن کا سربراہ سابق بھارتی جنرل یرغمال بنا لیا،ابھیجیت کو کرونا وائرس کے شبہ میں حراست میں لیا گیا۔ یمن میں خانہ جنگی کو 5سال مکمل ہو گئے ہیں اس دوران ایک لاکھ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں،عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں الحدیدہ کے علاقے میں جنگ بندی اور قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے مقرر کردہ امن مشن کے سربراہ اور سابق بھارتی جنرل ابھیجیت کو کرونا کے شبے میں یرغمال بنا لیا ہے ، امن مشن کے سربراہ کو حوثیوں نے صنعاء میں ایک ہوٹل سے یرغمال بنایا اور اس کے بعد انہیں سخت ترین سکیورٹی میں رکھا گیا ۔مغربی ساحلی علاقے پر مشترکہ فوج کے ترجمان کرنل وضاح الدبیش نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے جنرل ابھیجیت اور ان کے ساتھ آنے والی ٹیم کو صنعا کے ایک ہوٹل میں حراست میں لیا۔ الدبیش نے امن مشن کے رہ نما کی حوثیوں کے ہاتھوں نظر بندی اور یمن چھوڑنے یا الحدیدہ جانے سے روکنے کی مذمت کی اور اسے حوثیوں کی جانب سے خطرناک پیش رفت اور امن مساعی کے لیے صریح اور واضح چیلنج قرار دیا۔دریں اثنا یمن میں خوفناک خانہ جنگی کو پانچ سال مکمل ہو گئے ، جزیرہ نما عرب کی پٹی پر واقع اس غریب ترین ملک میں دنیا کا بدترین بحران پیدا کر دیا گیا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق اس خانہ جنگی میں ایک لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمن میں متحارب فریقین نے اقوام متحدہ کی طرف سے فوری جنگ بندی کے مطالبے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ لیکن، تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ ایسے مطالبات سے یمن میں جاری تنازعے کا خاتمہ نہیں ہوگا۔