نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کی کمیونسٹ پارٹی (مارکسسٹ) کے کشمیری رہنما اور سابق رکنِ اسمبلی محمد یوسف تاری گامی نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کشمیر کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام رفتہ رفتہ موت کے قریب جا رہے ہیں،یوسف گامی نے کشمیر میں نافذ پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا دم گھٹ رہا ہے ۔ بی جے پی یہ دعوی ٰ کرتی ہے کہ کشمیر میں ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی، نہ ہی کوئی مارا گیا لیکن سچائی یہ ہے کہ کشمیری عوام رفتہ رفتہ موت کے قریب جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم بھی جینا چاہتے ہیں، ہمیں اس کا موقع دیا جائے ، صرف ایک طرف کی باتیں سنی جا رہی ہیں، ہماری بھی آواز سنی جائے ، ہم مرنا اور تباہ ہونا نہیں چاہتے ۔ہمیں حکومت سے کوئی امید نہیں تھی لیکن ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے اتنے بے چین ہوں گے ، کشمیری عوام نے سیکولر ہندوستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب وہ رشتہ جو دونوں کو باندھے ہوئے تھا وہ کمزور پڑ رہا ہے ۔اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی کے ایک اور رہنما سیتا رام یچوری نے کہا کہ بہت سے لوگ جو روز کما کر کھاتے ہیں انہیں رزق کے حصول میں دشواری پیش آ رہی ہے ،کشمیر میں 44 روز سے معمولاتِ زندگی معطل ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ ایسا کب تک رہے گا۔