ریاض ( نیٹ نیوز) اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو، موساد کے چیف یوسی کوہن کے ساتھ غیر علانیہ طور پر سعودی عرب کا دورہ کیا اور وہاں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی موجودگی میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ، اسرائیلی حکام نے پومپیو کی موجودگی کا دعویٰ بھی کیا، پومپیو اس وقت یورپ اور مشرق وسطیٰ کے 8 ممالک کے دورے پر ہیں، پانچ گھنٹے پر محیط اسرائیل اور سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کی ملاقات تبوک کے شہر نیوم میں ہوئی، اس سے کئی گھنٹے قبل امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ولی عہد سے ملاقات میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ، پروازوں کا ڈیٹا رکھنے والی ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار 24 ڈاٹ کام‘ پر تل ابیب کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی جیٹ طیارے گلف سٹریم IV کی 5 بجکر 40 منٹ پر پرواز بھرنے اور سعودی شہر نیوم میں لینڈنگ اور 5 گھنٹے بعد اسی راستے سے تل ابیب واپسی کا ڈیٹا موجود ہے ۔ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے تردید اور نہ ہی تصدیق کی گئی ہے ۔ دوسری طرف سعودی عرب نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور ولی عہد محمد بن سلمان کی خفیہ ملاقات کی تردید کر دی ، سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے ٹویٹ میں کہا ولی عہد اور اسرائیلی عہدیداروں میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، مائیک پومپیو سے ملاقات میں صرف امریکی اور سعودی حکام ہی شریک تھے ۔ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اپنے دورہ سعودی عرب کی خبر پر تبصرے سے گریز کیا ۔نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ پورے دور اقتدار میں ایسی خبروں پر تبصرہ نہیں کیا، اب بھی یہی کرنا ہے ، اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا اسرائیل نے امن کا دائرہ امارات، بحرین اور سوڈان تک پھیلایا ، امید کرتے ہیں امن کا یہ دائرہ مزید وسیع ہوگا۔ اسرائیلی وزیر تعلیم یوآف گلانٹ نے اسرائیلی وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات کی تصدیق کی اور اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا، وزیرتعلیم کا فوجی ریڈیو سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دونوں کی ملاقات نیوم میں ہوئی اور یہ ناقابل یقین کامیابی ہے جس پر نیتن یاہو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ ملاقات حقیقت میں ہوئی لیکن اب عام ہوگئی، یہ بہت اہم ہے ۔