مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطین میں اسرائیلیوں نے پھر قبلہ اول پر دھاوا بولا چھاپے مارے اور فلسطینیوں کو گھر خالی کرنے کا حکم دے دیا۔ یہودی آباد کاروں کے دھاوے کے وقت قابض اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ،داخلی راستوں پرفوج کا کنٹرول تھا،حماس نے کل دفاع قبلہ اول اور دفاع القدس کے لیے لبیک یا اقصیٰ کے عنوان سے نفیر عام کا اعلان کیا ہے ۔کویتی کابینہ نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے دھاوے کھلی اشتعال انگیزی ہے ۔ گزشتہ روز بھی دسیوں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا،عینی شاہدین نے بتایا کہ مسجد اقصی کے متولی اور پہرے دار مسجد کے مختلف حصوں میں پھیل گئے تا کہ دھاوا بولنے والے یہودی آباد کاروں کو ان کی مذہبی رسوم کی ادائیگی سے روکا جا سکے ۔دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں العیساویہ کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کا ایک نیا سلسلہ شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں العیساویہ کے مقام پر فلسطینیوں کے رہائشی مکانات، دکانیں اور دیگراملاک غیرقانونی قراردے کران کی مسماری کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔قابض اسرائیلی فوج نے طولکرم شہر کے جنوب میں خربہ جبارا گائوں میں فلسطینی کی ملکیتی زرعی گاڑی ضبط کر لی،خربہ جبارا گائوں کی کونسل کے سربراہ احسان تحسین نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے صبح کے وقت گائوں پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کے زیر تعمیر مکانات کی تلاشی لی۔کویت نے مسجد اقصیٰ پریہودی آباد کاروں کے منظم دھاووں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کی کھلی کوشش قراردیدیا۔