ڈھاکہ (نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز)بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر اور سابق فوجی سربراہ حسین محمد ارشاد90برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انکے ایک مشیر کا کہنا ہے کہ حسین محمد ارشاد تین ہفتوں سے شدیدعلیل تھے ، انہیں زندگی بچانے والے آلات پر انتہائی نگہداشت میں دارالحکومت ڈھاکہ کے فوجی ہسپتال میں رکھا گیا تھا۔ سابق فوجی حکمران کو جگر اور گردوں کے عوارض کا سامنا تھا۔ حسین محمد ارشاد نے ملکی فوج کے سربراہ کے طور پر اس وقت کے صدر کا تختہ الٹ کر حکومت پر قبضہ کر لیا تھا۔پاکستان دوست حسین محمد ارشاد 1982 سے 1990 تک برسراقتدار بھی رہے ۔حسین ارشاد کے دورمیں پاکستان نے بنگلہ دیش کو46 جنگی طیارے تحفہ میں دیئے تھے ۔حسین محمد ارشادبھارت کو پسند نہیں کرتے تھے اور اپنے دور میں پاک بنگلہ دیش تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں رہے ،اسی وجہ سے انکے دورمیں بھارت نے بنگلہ دیش کیلئے کئی اندرونی اور بیرونی سنگین مسائل بھی پیدا کئے ۔