واشنگٹن(این این آئی)امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ پاکستان ، امریکہ، روس اور چین نے افغانستان میں پائیدار امن کی ضرورت اور مستقل سیز فائر کی حمایت کا اظہار کیا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہم نے تشدد میں کمی کی ضرورت پر رضامندی کا اظہار کیا ہے تاہم بین الافغان مصالحتی عمل کے ساتھ ساتھ جامع اور مستقل سیز فائر کے عمل کا آغاز بھی ہونا چاہیے ۔ہم اس معاملے میں مزید وسعت پیدا کرنے پر رضامند ہیں، اس فورم میں مزید بین الاقوامی طاقتوں کو شامل کیا جائے گا۔امید ہے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات امن کی جانب جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا ایک جامع پروگرام پر مشتمل فریم ورک تیار کیا جائے گا جو سیاسی مستقبل کیلئے ہوگا جو تمام افغانوں کیلئے قابل قبول بھی ہوگا۔