ابوظہبی (نیٹ نیوز) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما اور مصنف ششی تھرور نے کہا ہے کہ مودی کی فاشسٹ پالیسیوں کے باعث دنیا بھارت کو ایک پرتشدد اور چھوٹی سوچ والا ملک تصور کرنے لگی ہے ، 70 سال کے دوران پہلی مرتبہ سفارتی محاذ پر پاکستان کے مقابلے میں بھارت تنہا ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔ گلف نیوز میں لکھے گئے آرٹیکل میں ششی تھرور نے کہا مودی نے بھارت کے جمہوری ملک ہونے کا تشخص برباد کر دیا۔مودی نے اقتدار میں آ کر ہر طرح سے مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت کا خاتمہ ہو، شہریت کا متنازعہ قانون، بابری مسجد کیس کا فیصلہ یا پھر طلاق کے معاملے کو متنازعہ بنانا، مودی کی پالیسیوں نے دنیا کو یقین دلا دیا ہے کہ بھارت اب ایک فاشسٹ ہندو ریاست بن چکا ہے جہاں اقلیتیں بالکل محفوظ نہیں۔مودی کی ان حرکتوں کی وجہ سے 40 سال میں پہلی مرتبہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں زیر بحث آیا۔مودی جان بوجھ کر بھارت کو تقسیم کر رہا ہے اور یہ بھول بیٹھا ہے کہ بھارت کیلئے اسکے نتائج کتنے بھیانک ثابت ہونگے ۔