بیجنگ،لاہور ،راولپنڈی،پشاور (نامہ نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ، خبر نگار ،اے ایف پی ) چینی حکومت نے مہلک کورونا وائرس کو روکنے کے لیے 2شہروں کو مکمل سیل کردیا،وائر س مزید 7ملکوں میں پہنچ گیا، پی آئی اے حفاظتی امور کے پیش نظر رکھتے ہوئے بیجنگ سے پاکستان سفر کرنے والے پی آئی اے مسافروں کی بیجنگ ائر پورٹ پر ہی پرواز کی روانگی سے قبل ابتدائی سکریننگ کرے گی،بیجنگ میں پی آئی اے کی انتظامیہ اور فضائی عملے کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں،ملک کے تمام ایئرپورٹس پر ویکسی نیشن کاؤنٹر قائم کر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق چین نے 2 شہروں کو مکمل سیل کر دیا ، حکام نے بتایا کہ ووہان اور چیبی شہروں کی جانب جانیوالی شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ،حکام نے شہر سے ٹرینوں، پروازوں، بسوں، سب وے ٹرینوں اور کشتیوں کے باہر نکلنے پر پابندی عائد کر دی ، مقامی افراد کی جانب سے غذائی قلت کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔متاثرین کی تعدا د 500سے بڑھ گئی ۔ سکاٹ لینڈ میں کرونا وائرس کے چار ،سنگاپور میں ایک اور ویتنام نے دو کیسز کی تصدیق کر دی ہے ،تھائی لینڈ نے 3 جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا نے ایک ایک کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی۔بھارتی وزارت خارجہ نے بتایا کہ سعودی عرب میں بھارتی نژاد نرس میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے نے وفاقی ادارہ صحت سے بھی درخواست کی کہ وہ بھی بیجنگ سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی سکریننگ کے ضروری اقدامات کریں، پی آئی اے بیجنگ سے اسلام آباد کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں چلاتی ہے ۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر کرونا وائرس کے سکریننگ ڈیسک کو فعال کردیا گیاگذشتہ 24گھنٹوں کے دوران چین سے 3پروازیں اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں، 600سے زائد چین سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کی گئی ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئے سکریننگ اقدامات مکمل کر لئے ، چین سے آنے والے ہر مسافر کو ہیلتھ کاوئنٹر سے گزرنا ہو گا ، جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ، علامہ اقبال ائیر پورٹ اور باچا خان ائیرپورٹ پر بھی سول ایوی ایشن کی جانب سے متاثرہ مسافروں کی فوری شناخت کے لئے سکینرلگائے جا چکے ہیں ۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ویکسی نیشن کاؤنٹر قائم کردیاگیا، چین سے آنیوالی پروازوں کے مسافروں کا چیک اپ کیا جارہاہے ، دیگر ممالک کی چین سے ہوکر پاکستان آنیوالی پروازوں کے مسافروں کا معائنہ لازمی قرار دے دیا گیا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے کرونا وائرس کے باعث صوبے کے پانچ اضلاع ا یبٹ آباد ، مانسہرہ ،کوہستان ، بٹگرام ، شانگلہ کو حساس ترین قراردیا ہے ۔