ٹیکساس (این این آئی) امریکی ریاست ٹیکساس کے ایوان نمائندگان کی تنظیم’ فرینڈز آف کشمیر‘ نے وزیر اعظم آزادکشمیر کے ساتھ ملکر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کا اعلان کردیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کے خلاف قرارداد منظور کرلی ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت شدید انسانی بحران ہے جس کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ضروری ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کے خلاف رنگ، نسل اور قومیت سے بالا تر ہو کرآواز اٹھائی جائے ، خطے میں امن لانا فرینڈز آف کشمیر نے اپنا مشن بنالیا ہے ،ہم اقوام متحدہ اور تمام جمہوریت پسندوں سے مسئلہ کشمیر کے اثرات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی زندگیوں کو بچانے کا مطالبہ کرتے ہیں،ہر فرد کا احترام اوراس کی زندگی کا تحفظ ضروری ہے ،ہم مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں انسانی زندگیوں کو درپیش مسائل کو دنیا تک پہنچانے کے لئے سرگرم ہیں۔